حضورِ اکرمؐ کی حیاتِ طیبّہ ہمارے سامنے ہے۔  آپؐ کا مرتبہ اِس کائنات کے تمام مراتب سے بلند،  آپؐ  کی ذاتِ گرامی باعث ِتخلیقِ کائنات ہے۔  آپؐ پر دُرود و سلام ہو۔  آپؐ نے اپنے منصب کی بلندیوں کے باوجود اپنی زندگی کو اپنے جاں نثاروں کی زندگی کے برابر رکھا۔  آپؐ اللہ کے پاس تشریف لے جاتے ہیں اور لباس میں پیوند ہے۔  آپؐ نے کبھی اپنے پاس مال جمع نہ رکھا،  بلکہ آپؐ  نے دو وقت کا کھانا محفوظ رکھنا بھی پسند نہ فرمایا۔

عبادت کی تاثیر حاصل کرنےکے لیے یہ ضروری ہے کہ عابدوں پر زندگی کی نوازشیں یکساں ہوں۔  اگر ناہموار معاشی،  سماجی اور معاشرتی زندگیاں ایک جگہ یکساں عبادت کے عمل میں مصروف رہیں،  اور سالہا سال رہیں،  تو بھی نتیجہ یکساں نہ نکلے گا،  بلکہ کچھ نتیجہ نہ نکلے گا۔  ہماری عبادت اپنے ثواب سے محروم ہے،  اس لیے کہ ہماری زندگی یکساں مواقع سے محروم ہے۔

یتیم کا مال چھین کر حج کرنے والا ظالم،  حج کے ثواب سے کیوں نہ محروم رہے۔  مسلمانوں کا حج مسلمانوں کے لیے وہ نتیجہ نہیں پیدا کر رہا،  اس لیے کہ حج کے موقع پر تمام خرید و فروخت اُس مال کی ہوتی ہےجو یہودیوں کا بنا ہوا ہے،  جہاز اُن کے بنے ہوئے،  سامان اُن کا بکتا ہے، یعنی حج ہمارا اور ثواب اُن کو!! ہم غیر مسلم معاشرے کی بنی ہوئی اشیاء خریدنے سے کیوں گریز نہیں کرتے؟

عبادت کے ثواب کو مسلمانوں کے لیے وقف کر دینا بھی عبادت۔  دل مومن نہ ہو تو عبادت کس کام کی؟ دل سے اللہ کو ماننا ہی عبادت ہے۔  مشکلات پر صبر کرنا عبادت،  نعمتوں پر شکر ادا کرنا عبادت،  اپنی منشا کو منشائے الٰہی کے تابع کرنا ہی عین عبادت ہے۔  محروم اور مظلوم کو حق دلانا عبادت ہے۔  اپنی زندگی کو بے ضرر بنانا عبادت کی ابتداء،  اور زندگی کو منفعت بخش بنانا اِس کی انتہا۔  انسان جتنا اللہ کے قریب ہوگا،  اتنا ہی مخلوق پر مہربان ہوگا۔  یہی اصل ہے کہ جو اللہ کے حبیبؐ  ہیں،  اللہ کے انتہائی قریب ہیں،  وہی کائنات میں سب کے لیے رحمت ہیں۔  اللہ کی عبادت ہمیں مخلوق پر شفیق بناتی ہے۔  مخلوق پر ظلم کرنے والا،  اُن سے دھوکا کرنے والا،  ان کی خوراک میں ملاوٹ کرنے والا جتنی عبادت کرتا جائے،  بے فائدہ ہے۔  کسی کا حق چھیننے والا تقرّب اِلٰہی کا دعویٰ کرے تو یہ دعویٰ دلیل سے محروم ہے۔

عبادت اجتماعی فلاح کے لیے ایک حقیقی اور اسلامی راستہ ہے۔  عبادت انفرادی امتیاز نہیں۔ کشتی کنارے لگی تو سب ہی کنارے لگیں گے،  ورنہ سب کے لیے مشکل ہے!!

Pages: 1 2 3 4 5