کارواں دَر کارواں لوگ آئے۔  اِس زمین پر بڑے عمل کرتے رہے۔  بڑی محنتیں کرتے رہے۔  ایک دوسرے کو ہلاک کرتے رہے،  لیکن پھر وہی سکوت،  وہی بے مائیگی،  وہی بے نشان منزلیں،  وہی گمنام انجام!

یہ ناموری کیا ہے؟ یہ غرور و افتخار کیا ہے؟ یہ تاج و کلاہ کیا ہے؟ یہ لشکر و سپاہ کیا ہے؟ یہ حرکت ِ وجود کیا ہے؟ یہ مستقل عذابِ مسافرت کیا ہے؟ ہر دِل میں بھونچال ہے۔  ہر شخص بھاگ رہا ہے۔  شاہ و گدا بھاگ رہے ہیں۔  شاید خطرہ ہے۔  کس کو کس سے خطرہ ہے؟ زندگی کو خطرہ ہے؟کس کا؟ موت کا خطرہ ؟ زندگی ختم ہو رہی ہے،  لیکن زندگی تو ختم نہیں ہوتی۔ ہم مر جاتے ہیں۔  ہم کب سے مر رہے ہیں،  لیکن ہم زندہ ہیں۔ کب تک زندہ ہیں؟ یہی تو معلوم نہیں۔  اِسے معلوم کرنے کے لیے ہم بھاگ رہے ہیں، موت کے ڈر سے نہیں،  راز جاننے کے لیے کہ یہ سب کیا ہے؟

ہم خواہشات اور بے معنی خواہشات کی خوبصورت تتلیاں پکڑنے نکلے ہیں۔تتلیاں اُڑ جاتی ہیں اور ہم بچھڑ جاتے ہیں ایک دوسرے سے۔ ہم ویرانیوں میں کھو جاتے ہیں۔ تتلیاں واہمہ ہیں۔  کبھی ہم ماضی کی طرف بھاگتے ہیں،  کبھی مستقبل کی طرف۔  کبھی ہم اپنے اندر کو دوڑتے ہیں،  کبھی ہم اپنے سے فرار کرتے ہیں اور خلاؤں کی تسخیر کو نکل جاتے ہیں۔

ہم جو کچھ حاصل کرتے ہیں،  اُسے چھوڑ دیتے ہیں۔  تمنّا،  نیا حاصل،  نئی آرزو،  نئی منزل،  نیا انتشار ہمارا مقدّر ہے۔ یہ مقدّر کیا ہے؟ مقدّر کا چابک ہمیں ہانک رہا ہے۔  ہم خوف اور شوق کے درمیان رہتے ہیں۔  یہی چکّی ہمیں پیس رہی ہے۔  شوق حاصل نہیں ہوتا،  خوف نظر نہیں آتا۔  بس ہم دوڑتے ہیں۔  سفر کرتے ہیں۔  واپسی کا وعدہ کر کے ہم رخصت ہوتے ہیں۔  واپس آنا ہے تو جانا ہی کیوں ہے۔ ہم ایک دوسرے کو اِنتظار کی منزل عطا کرتے ہیں۔  اِنتظار اُس فاصلے کا نام ہے جس کے کٹ جانے کی اُمید ہو،  لیکن جو کبھی نہ کٹے۔ یہ فاصلے ہم نے خود پیدا کیے ہیں۔  ہم ایسے سفر میں مبتلا ہیں،  جو انجام سے بے نیاز ہے۔  ایک موہوم اُمّید ہے کہ شاید اگلے موڑ پر ہم سب کچھ جان لیں،  لیکن سانس کا سفر ختم ہو جاتا ہے،  آس کا سفر باقی رہتا ہے۔  ہم نے سوچنا چھوڑ دیا،  بس دوڑ لگا رہے ہیں۔  ”میراتھان دَوڑMarathon Race “ جس میں سارا زمانہ شریک ہے۔  کب سے یہ دوڑ جاری ہے!

میں اپنے پیشرَو کی کرسی کا مالک ہوں اور میرے بعد آنے والا میری کرسی کے اِنتظار میں ہے۔ کرسی نشین غائب ہو جاتے ہیں اور کرسیاں خالی رہتی ہیں۔  لیڈر مر جاتے ہیں،  قومیں زندہ رہتی ہیں،  لیکن کب تک؟ پرانی قومیں،  پرانے لیڈر،  پرانی تہذیب،  پرانی آبادیاں کہاں ہیں؟   —  تاریخ میں؟

Pages: 1 2 3 4 5