کامیابی ایک محدود دائرے تک ہی کامیابی کہلاتی ہے۔  اُس سے ماوراء یا اُس کے علاوہ وہ تصوّرکارگر ہی نہیں ہوتا۔  ماحول بدل جائے  تو کامیابی کا تصوّر بدل جاتا ہے۔

محبّت کی کامیابی اور محبّت کی ناکامی میں چنداں فرق نہیں۔ محبّت قائم رہے تو فراق بھی وصال ہے اور محبّت نہ رہے تو وصال بھی فراق۔

کامیابی کے لیے اُس ماحول کا جائزہ ضروری ہے جس نے کامیابی کو تسلیم کرنا ہے۔  اگر ماحول اور فرد کے معیار میں فرق ہو توکامیابی کا تصوّر ختم ہو جاتا ہے۔

دُنیا کے عظیم رہنما وقت کے دیے ہوئے معیار سے بلند ہوتے ہیں۔  وہ اپنا معیار خود بناتے ہیں۔  وہ کسی پہلے سے طے شدہ اصول پر اپنی کامیابی کا انحصار نہیں کرتے۔

Pages: 1 2 3 4