منزل کا تصور بہت بڑا کرشمہ ہے۔ انسان زمین پر رہتے ہوئے محسوس کرتا ہے کہ آسمانوں پر رہ رہا ہے۔ وہ آبادیوں سے مختلف ہو جاتا ہے۔ لوگ سو رہے ہوتے ہیں، وہ جاگ رہا ہوتا ہے۔ لوگ جشن مناتے ہیں، وہ زندگی کی اُداس حقیقتوں پر عارفانہ نگاہ رکھتا ہے۔ لوگ آغاز کے نشہ آور لمحات میں مست ہوتے ہیں اور وہ اُداس انجام کی تلخیوں کے نتائج سے نبرد آزما   ہوتا  ہے۔ صاحب ِ منزل کسی خاص نقطے پر نہیں پہنچتا، بلکہ وہ حقائق کا نکتہ دان ہوتا ہے۔ یہ سب دینے والے کا احسان ہے کہ وہ کسی انسان کو کیا عطا کر دے۔ بے خبر زندگی میں باخبر ہو جانا، منزل کا احسانِ اوّلیں ہے۔

منزل، دینے والے کا احسان ہے۔ اِس کا کوئی فارمولا نہیں ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کسی نے دار پر چڑھ کر منزلوں سے وصال کیا — منزلوں کا جلوہ دیکھا —  وصال کی لذّت سے آشنا ہوئے —  منزل آئی اور زندگی گئی —  کیا عجب مقام ہے !!شاید منزل کا حصول جان کے جانے سے مشروط ہے۔ کہیں راہ ِفراق، واصلِ منزل ہو رہا ہے —  جدائی کے زمانے محبّت  کے پروان چڑھنے  کے زمانے ہیں۔ یہ بڑے غور کا مقام ہے کہ کسی کو محبوب نہ ملا اور منزل مل گئی، جبکہ اُس کے خیال میں محبوب ہی منزل تھا۔

یہ بات انسانی سمجھ سے بالا ہے کہ انسان جان ہار جائے اور مقصد جیت لے۔ اکثر ہارنے والوں نے منزلوں کو جیتا۔ ہم دیکھتے ہیں کہ میدان ِکربلا میں جنگ ہار گئی اور مقصد جیت لیا گیا۔ اِمامؑ قربان ہوئے اور اِسلام زندہ ہوا۔ جان دینا بڑے راز کی بات ہے لیکن اس میں بہت غور اور فکر کی ضرورت ہے۔ قربانی اور خود کشی میں بڑا فرق ہوتا ہے۔ خود کشی کرنے والے برباد ہو جاتے ہیں اور قربانی دینے والے شادابیٔ منزل میں پہنچا دیے جاتے ہیں۔ قربانی سے حاصل ہونے والی منزلیں ایک عجب لطف رکھتی ہیں۔ منزلوں پر پہنچنے والے بہت بڑے انتظامات کے قائل نہیں ہوتے۔ وہ ایک جذبے کے ماتحت سفر کرتے ہیں — وہ جذبہ بھی بے پناہ جذبہ! صاحبانِ منزل کے پاس جذبوں کی فراوانی ہوتی ہے۔ وہ صاحبانِ یقین ہوتے ہیں۔ راستے میں دَم توڑ جائیں، تو بھی دامنِ محبوب نہیں چھوڑتے۔

ایک صاحب ِمنزل نے کچے گھڑے پر تیر کر منزلِ محبوب کی طرف سفر کیا۔ کچا گھڑا تھا، ڈوب گیا، لیکن اس ڈوبنے والے گھڑے نے وہ رنگ دکھایا کہ آج تک چناب کی لہریں اس منظر کو یاد کرتی ہیں اور دل والے اِن لوگوں کو اپنا پیشرو کہتے ہیں۔ منزل کا سفر شاید پہلے قدم کا ہی نام ہے۔ یقین کے ساتھ اٹھایا ہوا پہلا قدم جو جانب ِ منزل ہو، وہی منزل ہے۔

Pages: 1 2 3 4